زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

سیالکوٹ، یورپ ٹوڈے: زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر ائیر مارشل جان جیکب نزویدے کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں تربیتی پروگرامز، اختراع اور تکنیکی مہارت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

ایئر مارشل جان جیکب نزویدے کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں، اسکے اہداف اور مستقبل کی جنگی حکمتِ عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیئے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ائیر چیف نے زمبابوے کی ایئر فورس میں انسانی وسائل، مینٹیننس کے طریقہء کار اور آپریشنل تربیت میں بہتری کے حصول کے لیئے پاک فضائیہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی فراہمی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

چیف آف دی ائیر سٹاف نے ایک بہترین اور لازوال اتحادی کی حیثیت سے زمبابوے کے ساتھ دو طرفہ تاریخی شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امر کا ذکر کیا کہ پاک فضائیہ نے زمبابوے کی فضائیہ کی ابتدائی تربیت اور اسٹرکچرنگ میں بھی بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ ایئر چیف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں جو علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق تمام اہم امور میں مکمل ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

ائیر مارشل جان جیکب نزویدے نے پاکستان اور زمبابوے کے مابین دیرینہ دوستی اور پاک فضائیہ کی جانب سے پیش کردہ پرتپاک مہمان نوازی پر ایئر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زمبابوے کی فضائیہ کے تربیتی فریم ورک کی تشکیل نو کے لیئے پاک فضائیہ کی جانب سے مدد کی فراہمی کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ تربیتی معیار کو سراہتے ہوئے، زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں زمبابوے کی فضائیہ کے کیڈٹس کی تربیت کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ پاک فضائیہ کے جدید ترین تربیتی نصاب سے استفادہ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے زمبابوے کی فضائیہ کو جدت سے ہم کنار کرنے میں مدد کے لیے پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور تکنیکی عملے کی زمبابوے آمد کی بھی درخواست کی۔

دونوں سربراہان نے زمبابوے کی فضائیہ کو عصر حاضر کی فضائی حکمتِ عملیوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیتوں کی بہتری کے لیئے مدد کی فراہمی اور اس مقصد کے تحت مشترکہ تبادلے کے پروگرامز کے لیئے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں زمبابوے کی فضائیہ کی آپریشنل تربیتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے 12 سپر مشاق ٹرینر طیاروں کی پاک فضائیہ سے بروقت خریداری اور ترسیل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

زمبابوے کے وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور خاصکر وہاں پیش کردہ آئی ایس آر، سائبر، سپیس ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر ڈرون ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبہ جات میں پاک فضائیہ کی جانب سے قائم جدید تکنیکی انفراسٹرکچر میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ مہمان معززین نے جمہوریہ زمبابوے کی مستقبل کی ایرو اسپیس اور ہوا بازی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ان شعبوں میں پاک فضائیہ کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر کے مابین ہونے والی یہ ملاقات دونوں فضائی افواج کے درمیان عسکری صلاحیتوں کے تبادلے، باہمی مشقوں اور مشترکہ تربیت کے ذریعے شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ازبک صدر اور ترکمان قومی رہنما کی حضرت خضر کمپلیکس آمد، پہلے ازبک صدر کو خراج عقیدت Previous post ازبک صدر اور ترکمان قومی رہنما کی حضرت خضر کمپلیکس آمد، پہلے ازبک صدر کو خراج عقیدت