پنجاب

پنجاب میں طوفانی بارشوں سے 103 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ

لاہور، یورپ ٹوڈے: پنجاب بھر میں حالیہ غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں اب تک 103 افراد جاں بحق جبکہ 393 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی، چکوال اور گرد و نواح میں شدید بارشوں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایت پر تمام واسا فیلڈ ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں مون سون سسٹم برقرار ہے، جہاں آج بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیہ عظمیٰ لاہور، اور محکمہ ہاؤسنگ کے افسران و ملازمین کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی واسا کے مطابق تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور بجلی کی تاروں، کھلے مین ہولز اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔ ڈی جی واسا نے تمام دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ بارش کے دوران اور بعد میں نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔

ترجمان واسا کے مطابق صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں مون سون سیزن میں اب تک 103 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 393 زخمی ہوئے ہیں۔ بارشوں سے 128 مکانات متاثر اور 6 مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 اموات اور 290 زخمیوں کی اطلاع موصول ہوئی، جن میں لاہور میں 15، فیصل آباد میں 9، ساہیوال میں 5، پاکپتن میں 3 اور اوکاڑہ میں 9 ہلاکتیں شامل ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ پرانے یا خستہ حال مکانات میں قیام سے گریز کریں، کیونکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں انہی عمارتوں کی چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔ بچوں کو بجلی کی تاروں، کھمبوں اور نشیبی علاقوں کے قریب نہ جانے دیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا کہ غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے جذبے اور محنت سے کام کر رہے ہیں اور انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ سائرن اور اعلانات کے ذریعے عوام کو بروقت آگاہ رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ رکھا جا سکے۔

پنجاب Previous post پنجاب میں موسلادھار بارشوں سے شدید تباہی، 33 افراد جاں بحق، ایمرجنسی نافذ
پاکستان Next post پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے رابطے کے معاہدے پر دستخط