16 آئی پی پیز

مزید 16 آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرنے کا اعلان، بجلی کے نرخوں میں کمی کی نوید

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس میں بجلی کے نرخ کم کرنے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزید 16 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام کو 481 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جون 2024 میں بجلی کی اوسط قیمت 48 روپے 70 پیسے فی یونٹ تھی، جو تین سے چھ ماہ میں 44 روپے 4 پیسے تک لائی گئی ہے۔ انڈسٹریل صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 58 روپے 50 پیسے سے کم کرکے 47 روپے 17 پیسے فی یونٹ کردیے گئے ہیں۔

وزیر توانائی نے کہا کہ پاور ڈویژن کی سفارش پر ترسیلی نظام کو ری اسٹرکچر کیا جا رہا ہے۔ این ٹی ڈی سی کو تین مختلف کمپنیوں میں تقسیم کرکے ایک عالمی معیار کی کمپنی بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جو فروری 2025 تک مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیپینڈنٹ سسٹم مارکیٹ آپریٹر کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، جس کے تحت بجلی کی خرید و فروخت حکومت کی ذمہ داری نہیں رہے گی بلکہ کمپنیاں خود یہ امور سرانجام دیں گی۔ اس کے علاوہ رحیم یار خان مٹیاری لائن، غازی بروتھا سے فیصل آباد تک لائن، اور جنوبی علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے لیے فنڈنگ کی منظوری دی گئی ہے۔

اویس لغاری نے انکشاف کیا کہ پانچ آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرکے 411 ارب روپے کی بچت کی گئی، جبکہ شوگر ملوں کے آٹھ بگاس پلانٹس کے ذریعے 238 ارب روپے بچائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے چند دنوں میں مزید 16 آئی پی پیز کے معاہدے ختم کیے جائیں گے، جس سے عوام کو بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کو سولر پینلز پر منتقل کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت 2,600 ٹیوب ویلز کو 55 ارب روپے کی لاگت سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ گردشی قرضوں میں کمی کے لیے اصلاحات کی جا رہی ہیں، اور درآمدی کوئلے کے پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ای وی پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے بجلی کے خصوصی نرخ متعارف کرائے جائیں گے، اور نیپرا میں ریفارمز جلد عمل میں لائی جائیں گی۔ آئی پی پیز کے فرانزک آڈٹ کیے جا رہے ہیں، اور جن کمپنیوں کے معاہدے ختم کیے گئے ہیں، ان کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

11 فلسطینی شہید Previous post اسرائیلی فضائی حملوں میں 11 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
پرابوو سبیانتو Next post صدر پرابوو سبیانتو کا قومی کرسمس تقریب کے دوران اتحاد اور ہم آہنگی پر زور