1332

خلیجی جنگ آٹھویں روز میں داخل، امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایران میں شہدا کی تعداد 1332 تک پہنچ گئی

تہران، یورپ ٹوڈے: خلیجی خطے میں جاری جنگ آج آٹھویں روز میں داخل ہو گئی ہے جبکہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں شہدا کی تعداد بڑھ کر 1332 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ایران میں تقریباً 200 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے ایران پر حملوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بموں کے ذریعے زمین کی گہرائی میں موجود بیلسٹک میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے پہلے دن کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں 90 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اب تک 30 سے زائد ایرانی بحری جہاز بھی ڈبو دیے گئے ہیں۔

سینٹکام کے مطابق آپریشن کے اگلے مرحلے میں ایران کی میزائل بنانے کی صلاحیت کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ اس کے دفاعی اور عسکری ڈھانچے کو مزید کمزور کیا جا سکے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کی فوجی اور دفاعی صلاحیت کو محدود کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا میں عیدالفطر پر عوام کی سہولت کے لیے 36 ہزار سے زائد ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی تیاری
پیٹرولیم Next post پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ