ٹیکس

ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کے لیے ہفتہ کی چھٹی منسوخ کردی

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2024-2025 کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے ٹیکس دفاتر میں ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریونیو ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، تمام لارج ٹیکس آفسز (ایل ٹی اوز)، میڈیم ٹیکس آفسز (ایم ٹی اوز)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (سی ٹی اوز)، اور ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 جون 2025 تک ہفتہ کے دن بھی معمول کے مطابق دفتری اوقات میں کام جاری رکھیں۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام محصولات کی وصولی کو مؤثر بنانے اور مقررہ اہداف کے بروقت حصول کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام فیلڈ فارمیشنز جامع حکمت عملی اپنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو کی وصولی ممکن ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق، ایف بی آر نے متعلقہ اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے، قانون نافذ کرنے کے اقدامات کو تیز کرنے، اور قومی خزانے کو مطلوبہ وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف سے رواں مالی سال کا سالانہ ٹیکس ہدف 12,970 ارب روپے سے کم کر کے 12,370 ارب روپے کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود ایف بی آر کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ مالی سال 2024-25 کے پہلے نو ماہ کے دوران ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال 700 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس کی روشنی میں محصولات کے اہداف کے حصول کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیس Previous post تاشقند اسپرنگ چیس ٹورنامنٹ جاری، جُرابیک ابودللہیف نے 6 راؤنڈز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ قیادت سنبھالی
ایسٹر مارچ، Next post جرمنی بھر میں امن کے لیے ایسٹر مارچ، نئی حکومت سے امن کی اپیل