
آرمی چیف کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، بھارتی جارحیت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور حالیہ بھارتی جارحیت کے مذموم منصوبے کو ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کے خلاف بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی پر پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے دشمن کے متعدد جنگی طیارے مار گرانے اور قومی فضائی حدود کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کرنے پر پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے تینوں مسلح افواج کے مابین مثالی ہم آہنگی اور مشترکہ دفاعی حکمت عملی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ “جو بھی پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرے گا، اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی،” انھوں نے کہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر میزائل حملے کیے جن میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم، پاکستانی دفاعی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے، 3 ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹر تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، لائن آف کنٹرول پر بھی دشمن کو دندان شکن جواب دیا گیا اور بھارتی فوج کے انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر، ایک بٹالین ہیڈکوارٹر سمیت متعدد اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔