
مودی حکومت شکست کی بوکھلاہٹ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہے: مشعال ملک
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سے حالیہ شکست کے بعد مودی حکومت اندر سے ٹوٹ چکی ہے اور اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں اضافہ کر دیا ہے۔
کشمیر کی تازہ صورتحال پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ مودی مار کے بعد بوکھلاہٹ اور مایوسی کا شکار ہے، اور اس شکست کا بدلہ مظلوم کشمیریوں سے لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے، اور ان سے زبردستی اعترافی بیانات لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے کاروبار تباہ کیے جا رہے ہیں، اور بھارت کی مختلف یونیورسٹیوں سے کشمیری طلبہ کو نکالا جا رہا ہے، ان کی ڈگریاں منسوخ کی جا رہی ہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کشمیر کی حمایت میں آواز اٹھانے والوں کو خاموش کروایا جا رہا ہے، اور مودی سرکار انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے شدید الفاظ میں کہا کہ مودی کا واحد ایجنڈا کشمیر کو کشمیریوں سے خالی کرنا ہے، اور جو کچھ ہو رہا ہے، وہ صرف کشمیریوں پر نہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔
مشعال ملک نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لیں اور انہیں حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پوری دنیا کشمیریوں کی آواز بنے اور ان کے حق کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرے۔