
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے گفتگو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کے روز برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت کثیرالجہتی فورمز پر اشتراک کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی رابطے کو جاری رکھا جائے گا، اور رواں ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے موقع پر ملاقات بھی کی جائے گی۔
یہ رابطہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا عکاس ہے، خاص طور پر عالمی پلیٹ فارمز پر باہمی مفادات کے فروغ کے حوالے سے۔