
بیلاروس کی فضائیہ اور فضائی دفاع کے کمانڈر کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: بیلاروس کی ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے کمانڈر میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر فضائیہ اور دفاعی تعاون سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم کا اعادہ بھی کیا گیا، دونوں جانب سے فضائی افواج کے درمیان قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کو گارڈ آف آنر پیش کیا، بعدازاں ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ پاک فضائیہ بیلاروس کی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے پائلٹس اور مینٹیننس عملے کی بنیادی اور تکنیکی سطح کی تربیت کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے دونوں ممالک کی فضائیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات بشمول تربیت، تکنیکی بہتری اور آپریشنل صلاحیت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے بھی شامل ہیں، میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ نے ان کے پرتپاک استقبال پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے بھرپور آپریشنل تجربے بالخصوص جنگ کی صورتحال کے تجربات سے سیکھنے میں بیلاروس کی فضائیہ کی گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے پیچیدہ آپریشنل صورتحال میں پی اے ایف کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھی اعتراف کیا، میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ نے پی اے ایف کی طرف سے بیلاروس کی فضائیہ کے اہلکاروں کے لئے باضابطہ تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا، بیلاروس کی فضائیہ اور فضائی دفاع کے کمانڈر نے سربراہ پاک فضائیہ کو بیلاروس میں منعقد ہونے والے دفاع سے متعلق اہم ایونٹس میں شرکت کی دعوت دی، تاکہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں، دونوں فریقین نے سٹریٹجک مذاکرات کو آگے بڑھانے اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔