زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم عاشورہ پر پیغام: قوم امام حسینؓ کے راستے پر چلتے ہوئے خود کو سنوارے

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشورہ 1447ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے راستے پر چلتے ہوئے نہ صرف اپنے آپ کو سنوارے بلکہ ملک کے نظام حکومت، سماجی رویوں اور قومی ترجیحات کو دیانت داری، شرافت اور عوامی فلاح کی بنیاد پر استوار کرے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ’’یوم عاشورہ اسلامی تاریخ کا ایک روشن اور لازوال باب ہے، جو ہمیں قربانی، سچائی اور خلوص نیت کا پیغام دیتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’یہ دن ہمیں حضرت امام حسینؓ اور اُن کے وفادار ساتھیوں کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’یہ دن صرف قربانی، وفاداری اور صبر کی بے نظیر داستان ہی نہیں، بلکہ ہر دور کی تاریکی میں حق اور سچائی کا راستہ دکھانے والی ایک روشن روشنی ہے۔ امام عالی مقام کی شہادت کسی سیاسی یا وقتی مصلحت کا نتیجہ نہیں تھی، بلکہ یہ ایک ربانی مشن تھا جو سچائی، عدل اور رضا الٰہی پر مبنی تھا۔‘‘

صدر زرداری نے کہا کہ ’’کربلا کی سرزمین پر صرف ایک جنگ نہیں لڑی گئی، بلکہ ضمیر، کردار اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا۔ امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے بھوک، پیاس اور موت کی شدت کو قبول کر کے انسانیت کی تاریخ کو ایک ایسا سبق دیا جسے وقت کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’ان کا پیغام آج بھی زندہ ہے اور یہ پیغام اصولوں پر ڈٹے رہنے، ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے اور حق کی خاطر ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔‘‘

صدر مملکت نے کہا کہ ’’آج اگر ہم اپنے ملک کو درپیش چیلنجز پر غور کریں تو ہمیں شدت سے محسوس ہو گا کہ بطورِ قوم ہمیں حسینی کردار کی سخت ضرورت ہے۔ ہمیں امام حسینؓ کے راستے پر چلنا ہو گا اور نہ صرف اپنی اصلاح کرنی ہو گی بلکہ ہمارے نظام حکومت، سماجی رویوں اور قومی ترجیحات کو دیانت، شرافت اور عوامی فلاح پر قائم کرنا ہو گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’آئیے آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو امام حسینؓ کے پیغامِ حریت و انصاف کا مظہر بنائیں گے، اور بھائی چارے، محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں گے۔‘‘

اپنے پیغام کے اختتام پر صدر مملکت نے دعا کی کہ ’’اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمارے دلوں میں ایمان، جرات، تقویٰ، صبر اور قربانی کا جذبہ پیدا فرمائے، اور ہمارے وطن پاکستان کو استحکام، خوشحالی اور باہمی محبت کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔‘‘

شہباز شریف Previous post وزیراعظم شہباز شریف کا یوم عاشورہ پر پیغام: قوم امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لے کر پاکستان کو ترقی و اتحاد کے راستے پر گامزن کرے
برازیل Next post ویتنامی وزیراعظم چن اور اہلیہ کی برازیل میں صدر ہو چی منہ کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب