پارلیمنٹ

فرانسیسی پارلیمنٹ نے نوآبادیاتی دور کا تاریخی ڈھول آئیوری کوسٹ کو واپس کرنے کی منظوری دے دی

پیرس، یورپ ٹوڈے: پیر کے روز فرانس کی پارلیمنٹ نے 1916 میں نوآبادیاتی افواج کی جانب سے افریقی قبیلے ایبری (Ebrie) سے چھینا گیا “ڈھولِ گفتگو” (Talking Drum) واپس آئیوری کوسٹ منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ اقدام نوآبادیاتی دور کی لوٹی گئی اشیاء کی وطن واپسی کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یہ تاریخی ڈھول، جسے “Djidji Ayokwe” کہا جاتا ہے، پیغامات کے تبادلے کا ایک ذریعہ تھا۔ اس کی لمبائی تین میٹر سے زائد اور وزن تقریباً 430 کلوگرام (950 پاؤنڈ) ہے۔ ماضی میں اس کا استعمال مختلف علاقوں کے درمیان فوری اطلاعات کی ترسیل کے لیے کیا جاتا تھا، جیسا کہ جبری بھرتیوں کے خطرے سے آگاہ کرنا۔

فرانسیسی قومی اسمبلی (ایوان زیریں) نے اس تاریخی فن پارے کو قومی عجائب گھروں کے ذخیرے سے علیحدہ کرکے اس کی واپسی کی راہ ہموار کر دی، جبکہ رواں سال اپریل میں سینیٹ (ایوان بالا) اس اقدام کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی۔

واضح رہے کہ آئیوری کوسٹ نے 2018 میں فرانسیسی حکومت سے نوآبادیاتی دور میں لے جائی گئی 148 فن پاروں کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا، جن میں Djidji Ayokwe بھی شامل ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے 2021 میں یہ ڈھول اور دیگر نوادرات واپس آئیوری کوسٹ بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔ ایبری قبیلے کے رہنما، کلاوائر اگویگو موبیو (Clavaire Aguego Mobio) نے اس اعلان کو “ایک تاریخی اقدام” قرار دیا تھا۔

انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قوم نے طویل عرصے سے اس ڈھول کی واپسی کی امید چھوڑ دی تھی، “جو ہمارا لاوڈ اسپیکر تھا، ہمارا فیس بک تھا”۔

یاد رہے کہ صدر میکرون نے 2017 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد افریقہ میں فرانسیسی نوآبادیاتی مظالم کو تسلیم کرنے کے سلسلے میں اپنے پیشروؤں کے مقابلے میں زیادہ جرات مندانہ اقدامات کیے ہیں۔ لوٹے گئے فن پاروں کی واپسی اُن کی “افریقہ کے ساتھ نئے تعلقات” کے وژن کا نمایاں پہلو ہے۔

آذربائیجان Previous post آذربائیجان اور ازبکستان نے 2027 انڈر-20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مشترکہ بولی جمع کرا دی
ٹیکس Next post سرکاری ملازمین اور ٹیکس کی وصولی