اسلام آباد

چینی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف کی ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے جبکہ فضائی قوت اور آپریشنل ہم آہنگی سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ائیر چیف نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی اور مشکل کی ہر گھڑی میں آزمائے گئے تعلقات قائم ہیں، جن کی جڑیں باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کو ائیر چیف کی جانب سے پاک فضائیہ کی جدید عسکری تعمیر، اسکی جانب سے کیئے گئے تزویراتی اقدامات اور اس کی جدید جنگی حکمت عملی کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں فضائی افواج کے مابین دوستی کے مضبوط رشتے کوبھی اجاگر کیا اور تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اظہار کیا۔

جنرل وانگ گینگ نے بھرپور آپریشنل تیاریوں اور پاک فضائیہ کی جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا۔ وہ پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین آپریشنز کے مابین بہترین ربط دیکھ کر خاص طور پر متاثر ہوئے، انہوں نے اسے جدید فضائی جنگ کی پہچان قرار دیا اور چینی فضائیہ کی ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کے ثابت شدہ عسکری تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کی قیادت کی پیشہ ورانہ ذہانت اور تزویراتی دور اندیشی کو سراہتے ہوئے، معزز مہمان نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی مثالی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ائیر چیف کی پرعزم قیادت میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کی جانب سے دیے گئے فیصلہ کن اور متوازن جواب کی تعریف کی اور اسے بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں درستگی، نظم و ضبط اور جرات کی اعلی مثال قرار دیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور چین کے گہرے تعاون اور جدت پر مبنی تعاون کے ذریعے اپنی تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا منہ بولتاثبوت ہے۔

ترکمانستان Previous post ترکمانستان اور سوئس دواساز کمپنی “لا روش” کے درمیان نایاب امراض میں مبتلا بچوں کی امداد کے لیے مشترکہ طبی اقدامات پر تبادلہ خیال
محمد بن سلمان Next post ولی عہد محمد بن سلمان سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن و استحکام کے لیے سعودی-ایرانی تعاون پر زور