
راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں سیلابی صورتحال، ہنگامی اقدامات جاری
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: راولپنڈی میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو جانے کے باعث گوالمنڈی نالہ لئی برج پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا نے صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
واسا کے مطابق، گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ چکی ہے، اور اگر یہ سطح 20 فٹ سے تجاوز کرتی ہے تو قریبی آبادیوں کو فوری طور پر خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اسی طرح، کٹاریاں پل پر بھی پانی کی سطح 13 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
نالہ لئی میں اچانک آنے والے پانی نے فلش فلڈنگ کی شکل اختیار کر لی ہے، جس کے باعث ملحقہ رابطہ نالے بھی شدید طغیانی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ شہر کے نشیبی علاقوں، خصوصاً مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیر ودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی، اور ڈھوک مٹکیال میں پانی بھرنے سے مکین محصور ہو گئے ہیں اور نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی۔
متعدد گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں رابطہ پل مکمل طور پر زیر آب آ چکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور محفوظ و بلند مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
چکری روڈ کے علاقے لادیاں گاؤں میں ایک فیملی کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجا گیا، جو مکان کی چھت پر پھنسی ہوئی تھی۔ ابتدائی ریسکیو ٹیم کی ناکامی کے بعد فضائی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو 1122 نے شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، اور اب تک بارش سے متعلقہ 27 ہنگامی صورتحال رپورٹ ہو چکی ہیں۔ 22 مقامات پر ریسکیو آپریشن جاری ہیں جن میں 300 سے زائد ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں 12 ایمبولینسز، 4 ریسکیو وہیکلز، 2 واٹر ریسکیو وہیکلز، 30 موٹر سائیکل ریسکیورز اور 8 فائر وہیکلز شامل ہیں۔ اب تک 19 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا ہے جن میں سے ایک کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نیو چاکرا اور ٹینچ بھاٹہ کی جان کالونی میں بھی بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے امدادی ٹیموں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
موسمی حالات کے پیش نظر ضلعی حکومت نے راولپنڈی میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔ اجلاس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔