ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہ کرنے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا فیصلہ

لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ پاک بھارت میچ کی منسوخی کے بعد جاری کی گئی جانبدار اور تعصب پر مبنی پریس ریلیز کو قرار دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، ڈبلیو سی ایل کے منتظمین نے جان بوجھ کر میچ نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دیے، جو کہ کھیل کے غیر جانبدار اصولوں کے منافی ہے۔ پریس ریلیز میں چیمپئن لیگ کے میچ کو سیاسی مفادات کے تابع کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کھیلوں میں دوغلا اور جانبدار رویہ ناقابل قبول ہے، اور پاکستان کرکٹ بورڈ ہمیشہ سے کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا علمبردار رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر جانبداری کے اصولوں کی خلاف ورزی نے ایک افسوسناک صورتحال کو جنم دیا، جو کہ کھیل کے وقار اور بین الاقوامی اسپورٹس مین شپ کے منافی ہے۔ منتظمین کا جانبدار رویہ مستقبل میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گا جہاں غیر منصفانہ رویے کو فروغ دیا جائے اور کھیل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

رفعت وحید Previous post رفعت وحید کی دو غزلوں کا فکری و فنی تجزیہ
پزشکیان Next post ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر، دو طرفہ ملاقات اور معاہدوں پر دستخط متوقع