اے ڈی پورٹس گروپ

اے ڈی پورٹس گروپ کا پاکستان میں اسٹریٹجک وسعت کی جانب اہم قدم، اسلام آباد میں دفتر کا باقاعدہ افتتاح

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: عالمی سطح پر تجارت، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی میں نمایاں مقام رکھنے والے اے ڈی پورٹس گروپ (ADX:ADPORTS) نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنے پہلے نمائندہ دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے، جو کہ گروپ کی بین الاقوامی وسعت اور جنوبی و وسطی ایشیاء میں اس کی طویل المدتی وابستگی کا واضح مظہر ہے۔

یہ دفتر اسلام آباد کے ایک اسٹریٹجک مقام پر قائم کیا گیا ہے جو پاکستان کی وفاقی وزارتوں، ریگولیٹری اداروں اور حکومتی اداروں کے قریب ہونے کے باعث حکومت کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ نیا مرکز ترجیحی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور تجارتی اقدامات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں، سمندری امور، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داریوں کے امکانات کو بھی وسعت دے گا۔

اسلام آباد میں قائم یہ دفتر نہ صرف کلائنٹس سے براہ راست رابطے کا ذریعہ ہوگا بلکہ گروپ کی انتظامی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا، جس سے پاکستان میں جاری آپریشنز کو مزید سہولت ملے گی۔

اے ڈی پورٹس گروپ کا یہ اقدام اس کے دنیا بھر میں 140 سے زائد دفاتر پر مشتمل عالمی نیٹ ورک کو مزید مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو خطے میں لاجسٹکس، تجارت، اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

اس اہم افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکومتی و سفارتی شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی، اے ڈی پورٹس گروپ کے ریجنل سی ای او عبدالعزیز زید الشامسی، عبدالعزی البلوشی اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔

اے ڈی پورٹس گروپ کا اسلام آباد میں دفتر کا قیام نہ صرف پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے گا بلکہ پورے خطے میں ترقی اور روابط کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔

سائنس اولمپیاڈ Previous post پاکستانی طلباء کا شاندار عالمی کارنامہ: انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں 4 تمغے جیت لیے
آذربایجان Next post آذربایجان کے وزیراعظم علی اسدوف کی صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور