
وفاقی حکومت کا 24 اداروں کی تین مراحل میں نجکاری کا فیصلہ: عبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کر دیں
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی حکومت نے ملک کے 24 سرکاری اداروں کی مرحلہ وار نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے نجکاری، عبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نجکاری کا عمل تین مراحل پر مشتمل ہوگا، جس کے تحت مختلف ادوار میں اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق، پہلے مرحلے میں ایک سال کے اندر 10 اہم اداروں کی نجکاری کی جائے گی، جن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)، روز ویلٹ ہوٹل، زرعی ترقیاتی بینک اور آئیسکو سمیت تین ڈسٹری بیوشن کمپنیاں (ڈسکوز) شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں، جو ایک سے تین سال کے دوران مکمل کیا جائے گا، 13 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔ ان میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چار جنریشن کمپنیاں (جنکوز) اور لیسکو سمیت 6 ڈسکوز شامل ہیں۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں، جس کی مدت تین سے پانچ سال مقرر کی گئی ہے، پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ نجکاری کا یہ منصوبہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے، مالی بوجھ کم کرنے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس عمل کو شفاف اور میرٹ پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ نجی شعبے کی شمولیت سے اداروں کی فعالیت میں بہتری اور عوامی سہولیات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔