سمرقند، دنیا کی ثقافتوں کا سنگم
تجزیہ کار اور ماہر خصوصًا وسطی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، چین، ترکی اور مشرق وسطیٰ۔ مضمون نگاری کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ایک ادیب اور شاعر ہیں۔
سمرقند کا تاریخی شہر دنیا کی ثقافتوں کا سنگم ، ساتویں صدی قبل مسیح میں قائم قدیم افراسیاب کے طور پر اُبھرنے والا شہر، سمرقند وسطی ایشیا کے تاریخی علاقے ماوراء النہر میں لوگوں کے درمیان قدیم زمانے سے رابطے کا ذریعہ اور اہم ترین شہروں میں سے ایک ہے۔ چین اور بحیرہ روم کے درمیان شاہراہ ریشم پر اپنے مقام کی وجہ سے خوشحال سمرقند وسطی ایشیا کے بڑے شہروں میں سے ایک تھا۔ دریائے زرافشاں کے کنارے واقع ، یہ شہر وافر قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور وسطی ایشیا کے تجارتی راستوں پر ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ زرافشاں پہاڑوں سے جنوب اور مشرق کی طرف سے برف کے پگھلنے کی وجہ سے وجود میں آتا ہے اور آکسس (آمو دریا) میں شامل ہو جاتاہے۔ اس شہر کواسکندر اعظم نے 329 قبل مسیح میں فتح کیا تھا ، جب اسے مارکندا کہا جاتا تھا۔ جب آٹھویں صدی کے اوائل میں عربوں نے وسطی ایشیا پر حملہ کیا تو وادی زرافشاں کی بہت سی چھوٹی ریاستوں کے آخری سوگڈین حکمرانوں نے پنجیکینٹ (موجودہ تاجکستان) سے مزاحمت کی تھی۔
دسویں صدی کے ممتاز تاریخ دان ابو اسحاق ابراہیم ابن محمد الفارسی جو ماوراء النہر میں سفرکیا کرتے تھے ، اس خطے کی قدرتی دولت کی واضح وضاحت پیش کرتے ہیں جسے وہ “سمرقندین سوگڈ” کہتے ہیں اور اُس کے بارے میں لکھتے ہیں ،میں ماوراء النہر میں یا سمرقند میں کوئی جگہ نہیں جانتا جہاں کوئی اوپر پہاڑ پر چڑھتا ہو اور اُسے زمین پر ہریالی اور خوشگوار جگہ نظر نہ آتی ہو ، اور اس کے قریب کہیں بھی پہاڑوں کی کمی، درختوں کی کمی یا خاک آلود میدان نہیں ہے، درختوں کے ساتھ ساتھ بوئی ہوئی زمین دریا کے دونوں کناروں تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس میں بہترین درخت اور پھل ہیں ، ہر گھر میں باغ اور حوض ہیں۔ فارسی تاریخ دان عطا ملک جوینی سمرقند اور دیگر وسطی ایشیائی شہروں میں منگولوں کی تباہی کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ جب 1220 میں چنگیز خان نے اس علاقے پر حملہ کیا تھا تو دیواروں کے صرف ٹکڑے باقی بچےتھے، عطا ملک جوینی مزید کہتے ہیں کہ اگر یہ کہا جائے کہ اس دنیا میں ایک جنت دیکھنی ہے تو اس دنیا کی جنت سمرقند ہے۔
سمرقند وسطی ایشیا کا ماسکو
1330 کے اوائل میں مشہور عرب سیاح ابن بطوطہ منگولوں کی تباہی کے حوالے سے سمرقند کا نقشہ یوں بیان کرتے ہیں “اس وقت اس کی مساجد ، مدارس اور بازار کھنڈرات ہیں چند ایک کو چھوڑ کر ، وہ مزید لکھتے ہیں سمرقند سب سے بڑے اور بہترین شہروں میں سے ایک ہے اور خوبصورتی کے لحاظ سے سے بہترین ہے ، وہ کہتے ہیں کہ دریا کے کنارے پر پہلے بڑے بڑے محلات تھے اور تعمیرات جو اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ قصبے والوں کی کس قدر بلند خواہشات تھیں ، لیکن اب شہر کا بیشتر حصہ کھنڈر ہے۔ اس میں نہ شہر کی دیوار ہے اور نہ دروازےرہے ہیں۔
سمرقند کو ایک عظیم شہر کے طور پر دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے تیمورلنگ کے فیصلے کا انتظار کرنا پڑا یہاں تک کہ تیمور نے 1370 کی دہائی میں اپنا دارالحکومت بنایا ۔ تیمورلنگ کی عدالت میں ہسپانوی سفیر ، کلیویجو بیان کرتے ہیں کہ کس طرح تیمورلنگ نے حکم دیا کہ سمرقند سے گزرنے کے لیے ایک گلی بنائی جائے ، جس کے دونوں طرف دکانیں کھلی ہوں جس میں ہر قسم کا سامان فروخت کیا جائے ، اور یہ نئی گلی شہر کو کے ایک طرف سے دوسری طرف جوڑتی تھی ۔ وہ فوری طور پر نتائج چاہتا تھا اور جو لوگ اس کام کو تفویض کیے گئے تھے اپنی جانوں کو داؤ پر لگا کر تیز رفتاری سے کام پر شروع ہوئے ، کچھ لوگوں کے گھروں کو اس طرح اچانک مسمار کر دیا گیا انہیں بغیر کسی انتباہ کے اپنا سب کچھ چھوڑ دینا پڑا ۔ بڑے کاریگروں نے وسیع نئی گلی بچھائی ، دونوں اطراف میں دکانیں کھڑی کر دی گئیں تھیں ، ہر ایک کے سامنے پتھر کا ایک اونچا بینچ جو سفید سلیبوں سے اوپر تھا۔ ہر دکان کے دو کمرے تھے ، سامنے اور پیچھے ، اور گلی کا راستہ ایک گنبد کی چھت پر کھڑا تھا جس میں کھڑکیاں تھیں تاکہ روشنی گزر سکے سڑک پر کچھ فاصلوں سے پانی کے چشمے بنائے گئے تھے۔تیموری شہر کا مرکزی محور قدیم افراسیاب سے جنوب مغرب میں پھیلا ہواتھا ، بی بی خانم مسجد اور مزار احاطے ، پھر ریگستان ، اور گور امیر مزار کے قریب اختتام پذیر ہوتا تھا۔ اس شہری مرکز کی ترقی تیمورلنگ کے پوتے الغ بیگ کے تحت تیزی سے جاری رہی تھی ، جس نے 1449 میں اپنے قتل ہونے تک پندرہویں صدی کے پہلے نصف حصے تک اس شہر پر حکمرانی کی۔ افراسیاب کے مشرق کی پہاڑیوں پر اپنی رصد گاہ اور مدرسہ (سکول) جو اس نے ریگستان پر بنایا تھا سمرقند کی حسین اور پُرشکوہ عمارات میں ایک اعلیٰ اضافہ تھا۔
محمد صالح خواجہ تاشقندی کے مطابق تحریر الجدیدہ تاشقند میں ، روسی عیسائی (ناصری) مقدس شاہ زندا کے راستے سے سمرقند کے دروازے پر آئے تھے جہاں ان سے ایرانیوں کے ایک گروہ نے ملاقات کی وہ گروہ اُس وقت شہر میں طاقتور تھا۔ انہوں نے دروازے کے سامنے ان کا استقبال کیا اور اور انہیں سمرقند شہر میں مدعو کیا۔ روسیوں نے جلدی سے گیٹ میں داخل ہوکر بازار میں دکانوں کی ایک قطار کو آگ لگا دی تھی سمرقند پر قبضہ اور اس کے بعد کا قبضہ روسیوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل تھا۔ وان کافمان نے خود کو سکندراعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دیکھا اور وہ شہر کے تیموری ورثے سے بخوبی واقف تھے – جیسا کہ ایک مسافر نے کہا تھا ، ’’ سمرقند وسطی ایشیا کا ماسکو ہے ‘‘۔
سمرقند کے اہم تعمیرات میں : گور امیر ، امام بخاری ؒ کا مزار ، رخ آباد مزار ، شاہ زندے مسجد ، الغ بیگ کا مدرسہ اور اُن کی رصد گاہ ، بی بی خانم مسجد اور شیر ڈور مدرسہ قابل ذکرہیں۔ جب سے 2016 میں صدر شوکت مرزیویف نے اقتدار سنبھالا ہے، اُن کی بے پناہ کوششوں کے باعث حالیہ برسوں میں ازبکستان میں سیاحت کا ایک نیا باب شروع ہوا ہے.