
یورپی ممالک کو ایران پر پابندیاں بحال کرنے کا اختیار نہیں، ایران و روس کا مشترکہ مؤقف
تہران، یورپ ٹوڈے: ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے ایک ٹیلی فونک گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپی تروییکا—برطانیہ، فرانس اور جرمنی—کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر کی نشاندہی کی کہ یورپی ممالک سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی معیاد کے اختتام سے قبل مسلسل کوششیں کر رہے ہیں تاکہ ایران کے خلاف پابندیاں بحال کی جا سکیں۔ یہ قرارداد 2015 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے بعد منظور کی گئی تھی، جس کے تحت ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم کی گئی تھیں۔
عراقچی اور لاوروف نے کہا کہ یورپی ممالک کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان (JCPOA) کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے اور حالیہ دنوں میں امریکہ کی ایران کے پُرامن جوہری تنصیبات پر جارحیت میں شمولیت نے انہیں “اسنیپ بیک” میکانزم کے استعمال کا کوئی جواز باقی نہیں چھوڑا۔
یورپی ممالک ایران پر یہ الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ پُرامن جوہری توانائی کو عسکری مقاصد کے لیے موڑ رہا ہے، اور اسی بنیاد پر وہ “اسنیپ بیک” میکانزم فعال کرنے کی کوشش میں ہیں، جس کے تحت اکتوبر میں متوقع معیاد ختم ہونے سے قبل ایران پر دوبارہ عالمی پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں۔