
وزیر اعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر روانہ
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہفتہ کے روز لاہور سے تیانجن روانہ ہوگئے، جہاں وہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
دورہ چین کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف 25ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ، علاقائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی ترقی کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں گے۔ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے شدید مسائل، خصوصاً قدرتی آفات میں اضافے جیسے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالیں گے اور سربراہی اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
تیانجن میں مصروفیات کے بعد وزیر اعظم بیجنگ جائیں گے جہاں وہ صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر چین کی عوامی جنگِ مزاحمت کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر وہ صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف دوسری بزنس ٹو بزنس (B2B) انویسٹمنٹ کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے، جس کا مقصد پاک چین تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور پاکستان میں مزید چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ وہ چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کر کے انہیں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے آگاہ کریں گے اور ملک میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیں گے۔