چیچہ وطنی

چیچہ وطنی کے قریب دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلاب، متعدد علاقے زیر آب

چیچہ وطنی، یورپ ٹوڈے: دریائے راوی میں چیچہ وطنی کے قریب انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے، جس سے قریبی آبادیوں میں شدید نقصان کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، دریا میں اس وقت ایک لاکھ ستر ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث پانی کی سطح بلند ہو کر پرانی آبادیوں میں داخل ہو گئی ہے۔

پانی نے موضع جھنگی سیال، بستی امیر آباد، موضع ہاشم چاکر، موضع دوبرجی سمیت کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

سیلاب کے خطرات کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے 6 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کا عملہ موقع پر موجود ہے اور امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ مزید پانی کی آمد کے پیش نظر متعلقہ ادارے علاقے کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔

اوآنا تویو Previous post اوآنا تویو کی یورپی یونین وزرائے خارجہ کے جمنشک اجلاس میں شرکت
پزیشکیان Next post صدر پزیشکیان نے ایس سی او اجلاس کو یکطرفہ رجحانات کے توڑ کا موقع قرار دیا