1965

یوم فضائیہ: 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرات و بہادری کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ملک بھر میں آج یوم فضائیہ جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جو 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کی بے مثال جرات، مہارت اور بہادری کی یادگار ہے۔ اس دن کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر، کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی پیش کی۔

یہ دن اُن تاریخی فضائی معرکوں کی یاد تازہ کرتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر بھرپور غلبہ حاصل کرتے ہوئے وطن کی فضائی حدود کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ 1965 کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کے متعدد فضائی اڈے تباہ کیے اور اپنی کم تعداد کے باوجود بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔

یوم فضائیہ کے موقع پر اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی جرات مندانہ کارکردگی کو بھی یاد کیا جاتا ہے، جنہوں نے 7 ستمبر 1965 کو سرگودھا کے محاذ پر صرف چند منٹوں کے اندر پانچ بھارتی ہنٹر طیارے مار گرائے۔ ان میں سے چار طیارے محض 30 سیکنڈ کے اندر تباہ ہوئے، جو آج بھی دنیا کی فضائی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

جنگ کے آغاز پر پاک فضائیہ نے بھارتی ایئر بیس پٹھانکوٹ، ہلواڑہ اور جمنا نگر پر کامیاب فضائی حملے کیے، جن سے دشمن کو نمایاں نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی طرح لاہور اور سیالکوٹ کے محاذ پر پاک فضائیہ نے زمینی افواج کو بھرپور فضائی مدد فراہم کی اور بھارتی جارحیت کو پسپا کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

یوم فضائیہ قوم کو یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کے محافظ ہر وقت مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار رہتے ہیں۔ یہ دن فضائی دفاع میں دی جانے والی قربانیوں اور حاصل کی گئی فتوحات کا مظہر ہے، جو پاکستانی قوم کے عزم، جرات اور اتحاد کی علامت ہے۔

راشد Previous post پاک فضائیہ کا یومِ فضائیہ پر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت
ترکمانستان Next post ترکمانستان میں “لیبر مارکیٹ ڈویلپمنٹ کانسپٹ 2030 تک” کی منظوری