
وزیرِاعظم شہباز شریف کا یومِ بحریہ پر پاک بحریہ کے جانبازوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاکستان نیوی کے افسران، جوانوں اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے بحری سرحدوں اور مفادات کے دفاع میں ان کی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں ہمیشہ قوم کے لیے فخر کا باعث رہی ہیں۔
وزیرِاعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ “آج یومِ بحریہ کے دن میں پاکستان نیوی کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اپنے عزم، جرات اور فرض شناسی کے ذریعے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔” انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف پاکستان نیوی اور اس کے جانباز افسران کی شاندار تاریخ کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ اس عزم کی تجدید بھی ہے کہ ملک کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کی تاریخ بہادری کے کارناموں سے بھری ہوئی ہے جن میں 1965 کی جنگ کا آپریشن سومنات یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ اس آپریشن میں پاکستان نیوی نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کرکے اس کے مواصلاتی نظام کو تباہ کیا۔ یہ کارنامہ نہ صرف پاک بحریہ کی جرات اور صلاحیتوں کا مظہر تھا بلکہ ملک کی بحری خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی بنیاد بھی بنا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ “یہ تاریخی کامیابی آج بھی پاک بحریہ کے جوانوں کے حوصلے بلند رکھے ہوئے ہے اور ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پاکستان کی بحری سرحدیں پاک بحریہ کی کڑی نگرانی میں محفوظ ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ 1965 کی جنگ کے بعد بھی پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جو اس کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکوں میں بھی پاکستان نیوی نے اپنی تاریخ کے مطابق دفاعی تیاری اور عزم کا شاندار مظاہرہ کیا، اور یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر حال میں اپنی بحری سرحدوں اور سالمیت کا دفاع کرنا جانتا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف دفاعی محاذ پر بلکہ پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ “بلو اکانومی، بندرگاہوں کی تعمیر و ترقی اور بحری برادری کی فلاح و بہبود میں پاک بحریہ اپنی بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے۔ فخر سے کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان نیوی نہ صرف ملک کی محافظ ہے بلکہ ہمارے روشن مستقبل کی معمار بھی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آبی گزرگاہوں میں مواصلاتی راستوں کے تحفظ، قدرتی آفات میں انسانی امداد، اور بین الاقوامی مشترکہ مشقوں میں شرکت نے دنیا میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ کیا ہے۔ پاک بحریہ نے بحری وسائل کے فوائد اجاگر کرکے اور ادارہ جاتی اقدامات کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں۔
وزیرِاعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا: “آج یومِ بحریہ کے موقع پر ہم پاک بحریہ کے ماضی اور حال کے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان نیوی، مسلح افواج اور ہمارے وطن کو ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں سے نوازے۔ آمین! پاکستان نیوی زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!”