انکٹاتاش

ایتھوپیا کے سفارتخانے کی جانب سے اسلام آباد میں ’انکٹاتاش‘ اور گرینڈ ایتھوپیئن رینیسانس ڈیم کی شاندار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: اسلامی جمہوریہ پاکستان میں وفاقی جمہوری جمہوریہ ایتھوپیا (FDRE) کے سفارتخانے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں ایتھوپیئن نیا سال (انکٹاتاش 2018)، گرینڈ ایتھوپیئن رینیسانس ڈیم (GERD) کی افتتاحی تقریب اور یونٹی ڈے کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔

تقریب میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 معزز مہمانوں اور اعلیٰ حکام کی بھرپور شرکت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کر رہی تھی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ وفاقی وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ محمد آصف نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔

دیگر مہمانانِ گرامی میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے ثقافت و ورثہ اورنگزیب خان کھچی، وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) حامد اصغر خان اور صدرِ پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی شامل تھے۔
سفارتکاروں، حکومتی عہدیداران، پارلیمنٹرینز، میڈیا، تھنک ٹینکس کے سربراہان اور ایتھوپیئن کمیونٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

ایتھوپیا کے خصوصی ایلچی اور پاکستان میں سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے اپنے خطاب میں نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ ایتھوپیا کا منفرد کیلنڈر 13 مہینوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا:

“آج کی اس تقریب میں شامل ہو کر ہم سب سات سال کم عمر ہو گئے ہیں… کیونکہ ایتھوپیا آج 2018 کا آغاز منا رہا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ انکٹاتاش امید اور رجائیت کی علامت ہے، اور ایتھوپیا کی قدیم تہذیب، مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تنوع اور سیاحت کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی “مدیمر فلسفہ” کو ایتھوپیا کی سیاسی، معاشی اور سماجی اصلاحات کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ گرینڈ ایتھوپیئن رینیسانس ڈیم اس فلسفے کا ایک شاندار مظہر ہے، جو مکمل طور پر ایتھوپیائی عوام کے مالی وسائل سے تعمیر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عبدولا نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیم کا کسی زیریں ممالک پر نمایاں اثر نہیں پڑے گا اور ایتھوپیا خطے میں پانی کے مساوی اور معقول استعمال کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی، تعلیمی، ثقافتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات پر بھی زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان صدیوں پر محیط تجارتی اور ثقافتی روابط کو پاکستان کی “لُک افریقہ پالیسی” کے تحت مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک قابلِ تجدید توانائی، زرعی اختراعات اور پارلیمانی روابط میں شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔
انہوں نے کہا:
“گرینڈ ایتھوپیئن رینیسانس ڈیم صرف ایک کنکریٹ اور اسٹیل کا ڈھانچہ نہیں، بلکہ یہ ایتھوپیا کے عزم، اجتماعی وژن اور ترقی کی علامت ہے۔”

اسپیکر Previous post اسپیکر سردار ایاز صادق کا وژن: قواعد سے اصلاحات تک
پنجاب Next post پنجاب میں سیلابی صورتحال: جلالپور پیروالہ میں 13 افراد جاں بحق، ہزاروں دیہات متاثر