ستلج

ملک بھر میں شدید بارشیں اور سیلاب کا خطرہ، دریائے ستلج اور دریائے سندھ میں ہائی فلڈ الرٹ

ملتان/کراچی/فیصل آباد، یورپ ٹوڈے: بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج اور دریائے سندھ میں بڑے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جبکہ کشمور کے کچے کے علاقے خطرے کی زد میں آگئے ہیں۔ ادھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتِ حال سنگین ہو گئی ہے، جہاں سیکڑوں دیہات، مکانات اور فصلیں زیرِ آب آچکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دریائے چناب کا دوسرا سیلابی ریلا ملتان میں ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ شہر کو بچانے کے لیے شیر شاہ بند میں شگاف ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ اکبر بند اور گرے والا بند کی بھی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ ملتان کے نواحی علاقوں میں کئی بستیاں پانچ سے دس فٹ پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے دریائے ستلج میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں ہریکے اور فیروزپور کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، سندھ میں بھی سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق صوبے میں 200 دیہات اور تقریباً دو لاکھ چوبیس ہزار افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر ملک کے دیگر شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ فیصل آباد میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جبکہ کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں، جن میں شارع فیصل، لانڈھی، ملیر، ایئرپورٹ، یونیورسٹی روڈ اور گلستان جوہر شامل ہیں، میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے دوران مختلف حادثات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں کراچی میں بارش کے نئے اسپیل کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

اسرائیلی Previous post اسرائیلی حملہ ریاستی دہشت گردی ہے، محض مذمت نہیں بھرپور ردعمل دیں گے: قطری وزیراعظم
ترکمانستان Next post ترکمانستان میں جدید گاؤں “دولتلی مکان” کا افتتاح