
عراقی فضائیہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ مہند غالب محمد رادی الاسدی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے مابین باہمی تعاون کے اِمکانات، بالخصوص تربیت، دوطرفہ صلاحیتوں کے فروغ اور مشترکہ تعاون کے ذریعے ہوابازی کی صنعت میں ترقی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ مہند غالب محمد رادی الاسدی کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور عراق کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط کا ذکر کیا، جو دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین پائیدار تعلقات کا مظہر ہیں۔ انہوں نے عراقی فضائیہ کی تربیتی میدان میں ہرممکن مدد کی فراہمی کے پاک فضائیہ کے عزم کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے اس امر کا یقین دلایا کہ پاک فضائیہ عراقی فضائیہ کی استعداد کار کے فروغ کے لیئے اپنی تمام تر کوششیں اور تعاون جاری رکھے گی۔ سربراہان نے فضائی مشقوں اور تربیتی اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جن کے ذریعے مشترکہ کاروائیوں اور دونوں فضائی افواج کے مابین آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنا ممکن ہوگا۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی جانب سے انکے وفد کے پرتپاک استقبال اور بے مثال مہمان نوازی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی دوراندیش اور متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے اسے خطے کی جدید، مستعد اور تکنیکی لحاظ سے ایک ترقی یافتہ فضائی قوت تسلیم کیا۔ مہمان خصوصی نے عراقی فضائیہ کی بنیادی، ٹیکٹیکل اور آپریشنل سطح کی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے پورے تربیتی نظام کی تشکیل نو کی خواہش ظاہر کی۔ پاک فضائیہ کے اعلی تربیتی معیار کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے عراقی فضائیہ کے جدید تربیتی ڈھانچے کی تعمیر نو میں پاک فضائیہ سے معاونت طلب کی۔ عراقی کمانڈر نے پی اے ایف کے پائلٹوں کی ایکسچینج پوسٹنگ سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی فورس کی خواہش پر روشنی ڈالی اور عراقی ہوا بازوں کی پاک فضائیہ کے پائلٹوں سے براہ راست سیکھنے کی بے پناہ اہمیت کو اجاگر کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی جانب سے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں پیش کردہ اختراعی منصوبوں، مقامی صلاحیتوں اور اسکے جدید وژن سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فضائیہ اپنے ملک میں اسی نوعیت کا ایکو سسٹم قائم کرنے کی خواہش رکھتی ہے جو پاک فضائیہ کے تعلیمی، صنعتی اور عسکری امتزاج ہر مبنی ہوگا۔ بعد ازاں معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل اور تکنیکی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
عراقی دفاعی وفد کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ دونوں ممالک کی جانب سے اپنی عسکری شراکت داری کے استحکام اور دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔