
اکادمی ادبیات پاکستان اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ۶ اکتوبر ۲۰۲۵:پاکستان میں علم و ادب کے فروغ اور معیاری ادبی کتب کی اشاعت کو منظم و مؤثر بنانے کے لیے آج ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ یادداشت دو معتبر قومی ادبی اداروں اکادمی ادبیات پاکستان اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے درمیان طے پائی، جو ملک میں کتاب دوست ماحول، مطالعے کی ثقافت اور زبان و ادب کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دستخط کی یہ باوقار تقریب اکادمی ادبیات پاکستان کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں اکادمی کے ڈائریکٹر/چیف ایڈیٹر جناب محمد عاصم بٹ (فریقِ اول) اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جناب مراد علی (فریقِ ثانی) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جب کہ اس موقعے پر صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف،مینیجنگ ڈائریکٹرنیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر، نائب ناظم (ایوارڈزاور پروگرام)جناب میر نواز سولنگی، نائب ناظم (تحقیق و ترجمہ)جناب اختر رضا سلیمی، نائب ناظم (اکیڈیمکس) ڈاکٹر بی بی امینہ اور جناب محمد ساجد بھی موجود تھے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی تیار کردہ ادبی کتب کو باہمی تعاون سے شائع کریں گے اور کتابوں کی تیاری، اشاعت، قیمت کے تعین، معیارِ طباعت، اخراجات کی تقسیم اور حقوقِ اشاعت جیسے امور میں معاہدے کی مکمل پابندی کریں گے۔
یہ مفاہمتی یادداشت محض ایک ادارہ جاتی معاہدہ نہیں بلکہ ادب کے فروغ، کتاب کی توقیر، اور قارئین تک علم کی آسان رسائی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ یہ اشتراک موجودہ اور آئندہ نسلوں کے لیے نہ صرف فکری سرمایہ فراہم کرے گا بلکہ پاکستانی معاشرے میں علمی و ادبی آگہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔