
پاکستان ایشیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشتوں میں شامل ہے: شزا فاطمہ خواجہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر برائے اطلاعات ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل شعبوں نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے، جس سے پاکستان ایشیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (SATRC-26) کے 26ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے "ڈیجیٹل نیشن پاکستان” ایجنڈے کے تحت اہم سنگِ میل عبور کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 15 کروڑ سے زائد شہری براڈ بینڈ استعمال کر رہے ہیں، جو ایشیا میں ڈیٹا کے تیز ترین پھیلاؤ کی عکاسی کرتا ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان میں ڈیٹا کے استعمال میں 70 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹیلی کام ریونیو میں سالانہ 17 فیصد ترقی ہوئی، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 1.5 کھرب روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ہمارے ٹیلی کام شعبے کی مضبوطی اور استحکام کا مظہر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہے، جس کے تحت ای۔کامرس کی مالیت 7.7 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور آئندہ سال 10 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ آئی سی ٹی برآمدات میں بھی ہر سال تقریباً 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ڈیجیٹل گورننس کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جہاں 98 فیصد وفاقی دفاتر ای۔آفس سسٹم کے ذریعے کاغذی کارروائی کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ اس وقت 50 سے زائد شہری خدمات آن لائن دستیاب ہیں اور مالی سال کے اختتام تک ان کی تعداد 150 تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا "راست نظام” ایک مضبوط ڈیجیٹل ادائیگی کا ڈھانچہ فراہم کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر— جو نادرا کے تعاون سے تیار کی جا رہی ہے—دسمبر میں لانچ کی جائے گی۔ “یہ نظام پاکستان اسٹیک کی بنیاد بنائے گا، جو عوام کو محفوظ ڈیٹا شیئرنگ، ڈیجیٹل شناخت اور زندگی بھر کے ڈیجیٹل خدمات فراہم کرے گا،” انہوں نے وضاحت کی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کی مضبوط پالیسیوں اور ایک جامع، محفوظ اور اختراعی ڈیجیٹل نظام کے قیام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو ترقی اور اعتماد کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد ڈیجیٹل نیشن پاکستان پلان کا آغاز کیا، جو ڈیجیٹل تبدیلی اور شمولیت کے لیے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ “اسی سال ہم نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ منظور کیا، جو ہماری ڈیجیٹل ترقی کا مکمل فریم ورک مہیا کرتا ہے،” انہوں نے کہا۔
وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی تین اہم شعبوں — معاشرہ، حکومت، اور معیشت — پر مرکوز ہے۔ “ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اب روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے، خواہ وہ بنیادی ضروریات کی فراہمی ہو یا قومی سلامتی کا تحفظ،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ کنیکٹ 2030 وژن کے تحت پاکستان کا ہدف انٹرنیٹ کی قومی رفتار کو 100 ایم بی پی ایس تک بڑھانا، فائبر کنیکٹیویٹی کو وسعت دینا، 1000 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کو آزاد کرنا، اور 5G سروسز کو عالمی معیار کے مطابق متعارف کرانا ہے۔ “یہ اقدامات اگلے چار سالوں میں اربوں ڈالر کے معاشی فوائد لا سکتے ہیں،” انہوں نے کہا۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل شمولیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ ہر شہری، خواہ کسی بھی علاقے میں ہو، جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکے۔ “ڈیجیٹل تبدیلی کا مقصد ٹیکنالوجی نہیں بلکہ بہتر طرزِ زندگی، اچھی حکمرانی اور مضبوط معیشت ہے،” انہوں نے کہا۔
“ہمارے لیے ڈیجیٹل ترقی صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ اعتماد کا معاملہ ہے۔ جب تک عوام کو ڈیجیٹل نظام پر اعتماد نہیں ہوگا، ہم سائبر سیکیورٹی اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم نہیں کر سکتے،” انہوں نے مزید کہا۔
انہوں نے کہا کہ شمولیت، شفافیت اور کارکردگی ایک ڈیجیٹل معاشرے کے بنیادی ستون ہیں۔ “ڈیجیٹل نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کوئی پیچھے نہ رہ جائے، حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد بڑھے اور انتظامی امور میں بہتری آئے،” انہوں نے کہا۔
وزیر نے کہا کہ وزیرِاعظم کی قیادت میں حکومت کیش لیس معیشت کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔ “وزیرِاعظم خود ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور نقد لین دین کے خاتمے کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہیں،” انہوں نے بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ اور رائٹ آف وے اصلاحات جیسے اہم اقدامات کے ذریعے فائبر آپٹک کی تنصیب پر تمام فیسیں ختم کر دی گئی ہیں۔ “وزیرِاعظم کی ایک ہدایت کے بعد پاکستان رائٹ آف وے چارج فری ملک بن گیا،” انہوں نے کہا۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ 5G اسپیکٹرم پالیسی اپنے آخری مرحلے میں ہے اور جلد 600 میگا ہرٹز سے زائد اسپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی تاکہ 3G اور 4G خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور 5G کی تیاری کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (MVNOs) اور انفراسٹرکچر شیئرنگ کے فریم ورک کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ضوابط تکمیل کے قریب ہیں۔
ڈیجیٹل رسائی کو سستا بنانے کے لیے حکومت "اسمارٹ فون فار آل” پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے تاکہ عوام کے لیے آلات کی دستیابی آسان ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال طلباء میں 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاتے ہیں جبکہ گوگل نے پاکستان میں کروم بُک کی اسمبلی شروع کر دی ہے، جو مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دے گی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے جنوبی ایشیا میں مضبوط علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارا خطہ انسانی وسائل کے اعتبار سے بہت زرخیز ہے، ہمیں اپنی پالیسیاں جامع علاقائی ترقی کے لیے ہم آہنگ کرنی ہوں گی۔”
انہوں نے ٹیکنالوجی، گورننس اور سرمایہ کاری میں علاقائی تعاون بڑھانے کی اپیل کی اور کہا کہ “APT اور SATRC نے ہماری پالیسیوں کو ہم آہنگ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔”
وفاقی وزیر نے کانفرنس کے شرکاء کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے ملک کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک مربوط، محفوظ اور جامع جنوبی ایشیائی خطے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، “جہاں ٹیکنالوجی عوام کی خدمت کرے اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے۔”
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں SATRC ایکشن پلان 9 کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور پلان 10 کے لیے ترجیحات طے کی جائیں گی، جن میں اسپیکٹرم ہم آہنگی، سرحد پار ڈیجیٹل روابط، ڈیٹا گورننس، سائبر سیکیورٹی، یونیورسل کنیکٹیویٹی اور اختراع شامل ہیں۔
آخر میں انہوں نے ایشیاء پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (APT) اور اس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ماسانوری کونڈو کی علاقائی تعاون کے فروغ میں کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ایشیاء پیسیفک کے مربوط اور پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک مضبوط، لچکدار اور ڈیجیٹل طور پر منسلک مستقبل کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔