گریجویشن

61 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب کا انعقاد

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: 61 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب آج پاک فضائیہ کے ائیروسپیس پاور سنٹر آف ایکسیلینس میں منعقد کی گئی۔  تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیروائس مارشل محمد عاصم رانا، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ پی اے ایف تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کورس کے شرکاء کی غیر معمولی لگن، پیشہ وارانہ مہارت اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگی تیاری پاک فضائیہ کے عملی نظریے (Operational Doctrine) کی بنیاد ہے اور یہ کہ حقیقت پسندانہ، لچکدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی تربیت، فضائیہ کی فیصلہ کن برتری برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاک فضائیہ کا ایرو سپیس پاور سینٹر آف ایکسیلینس (PAF ACE) حربی مہارت کا گہوارہ ہے جہاں فضائی جنگ کے جدید تصورات کو آزمایا، بہتر بنایا اور عملی نظریات میں ڈھالا جا تا ہے۔ ادارے کے علیٰ پیشہ وارانہ معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ PAF ACE کے تمام اسکول بہترین ہم آہنگی کے ساتھ ایسے جنگی قائدین تیار کر رہے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے مختلف میدانوں میں مؤثر طور پر یکجا کر سکتے ہیں۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ائیر سٹاف، پاک فضائیہ کی بصیرت افروز قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی قیادت کی رہنمائی میں ایک غیر معمولی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ائیر چیف کی جانب سے شروع کی گئی جامع جدید کاری کی مہم نے ایک بے مثال ترقی کے دور کا آغاز کیا ہے، جو مقامی تیاری، نیٹ ورک پر مبنی آپریشنز، مصنوعی ذہانت کے انضمام اور فضائی، سائبر اور خلائی شعبوں میں مشترکہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کورس کے گریجویٹس کو ٹرافیز اور اسناد سے نوازا جنہوں نے اس کٹھن کورس کے دوران اپنی شاندار کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ کمبیٹ پائلٹس کے درمیان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی ونگ کمانڈر اقراش منیر اعوان نے حاصل کی جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز کے درمیان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈر جاوید اقبال نے حاصل کی۔

یہ تقریب ایک کٹھن اور بھرپور تربیتی پروگرام کے اختتام کی علامت تھی، جس کا مقصد پاک فضائیہ کے لیے اگلی نسل کے جنگی قائدین کو تیار کرنا ہے۔ تقریب میں سینئیر عسکری افسران، فیلڈ کمانڈرز اور پاک فضائیہ کی مختلف فارمیشنز سے تعلق رکھنے والے انسٹرکٹرز نے شرکت کی، جس سے اس موقع کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی جو پاک فضائیہ کے عملی کیلنڈر کا ایک نمایاں سنگ میل ہے۔

ترکمانستان Previous post ترکمانستان نے افغانستان کو انسانی امداد بھیج دی
آذربائیجان Next post آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفاروہ کا اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کے سربراہ اجلاس سے خطاب