
شاہ عبداللہ دوم کا تاریخی دورۂ پاکستان: صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز اردن کے فرماں روا، شاہ عبداللہ دوم کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ یہ گزشتہ 21 برسوں میں کسی اردنی فرمانروا کا پہلا سرکاری دورۂ پاکستان ہے، جسے سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جیسے ہی شاہ عبداللہ دوم کا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کے دستے نے شاہی پرواز کو حفاظتی حصار فراہم کرتے ہوئے اسلام آباد تک اسکی رہنمائی کی۔
نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کا استقبال کیا، جبکہ خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، وفاقی کابینہ کے اراکین اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان اور اردن کے تعلقات کو ایک نئی اسٹریٹجک جہت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی برادرانہ رشتوں، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں، اور اس دورے سے دو طرفہ تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔