اصغر خان

پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن تقریب کا انعقاد

رسالپور، یورپ ٹوڈے: پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان، رسالپور میں 151ویں جی ڈی (پی)، 97ویں انجینیئرنگ، 108ویں ایئر ڈیفنس، 10ویں نیول (الفا)، 28ویں اے اینڈ ایس ڈی، 11ویں لاگ، 134ویں کامبیٹ سپورٹ اور 98ویں ای سی (آر ایس اے ایف) کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوتھے ۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا استقبال ایئر وائس مارشل شہریار خان، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے کیا۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی اور اکیڈمی کے بلند معیار کو سراہا۔ اُنہوں نے امتیازی کیڈٹس اور اعزاز ی شمشیر حاصل کرنے والوں کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس کو کورس کی کامیاب تکمیل پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ ائیر چیف نے سعودی کیڈٹس کی شمولیت کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

ائیر چیف نے اپنے خطاب میں نوجوان افسران کو اپنے کامیاب ماضی کے وقار کو برقرار رکھنے اور پاکستان کی فضاؤں کا دفاع جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے پاک فضائیہ کی تربیتی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح مستقبل کی ٹیکنالوجیز، لیڈرشپ ڈیولپمنٹ، کردار سازی، ذہنی و جسمانی مضبوطی اور فکری ترقی کو تربیت کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے تاکہ جدید جنگی دشواریوں سے مؤثر طور پر نمٹا جاسکے۔ حالیہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ مئی کے تنازعے کے دوران پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی۔ اُنہوں نے قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کلیدی قائدانہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا، جن کے فیصلہ کن عزم نے قوم کے متحد دفاعی ردِعمل کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے خلائی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر، یو اے ویز، لانگ رینج ویکٹرز اور لوئٹرنگ اسلحے کے مؤثر استعمال سے بے مثال فضائی برتری حاصل کی۔ رافیل، ایس یو-30 ایم کے آئی، میراج-2000، مگ-29 اور دشمن کے جدید ڈرون سسٹمز اور طیاروں کو طویل بی وی آر بمقابلہ بی وی آر فضائی لڑائی میں ناکارہ بنایا گیا، جو جدید تاریخ کی سب سے اہم فضائی جھڑپوں میں سے ایک تھی۔

پاکستان ائیر فورس کی شاندار روایات کا اعادہ کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پی اے ایف اپنی صلاحیتوں میں بے مثال اور قومی وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتیں اور آپریشنل تیاری پاکستان کے دفاع کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی ممالک سے دفاعی تعاون کو بھی فروغ دے رہی ہیں۔ ائیر چیف نے یقین دلایا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت ہمیشہ محتاط، پُرعزم اور غیر متزلزل جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔ سربراہ پاک فضائیہ نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دنیا کے ممتاز ایروسپیس، سائبر اور آئی ٹی اداروں کی صف میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جو جدید ترین ڈیزائن، تحقیق اور اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں جدت کے ذریعے پاکستان کے قومی منظرنامے کو تبدیل کرے گا۔

آخر میں ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت اس کی آپریشنل کامیابیاں ہیں، نہ کہ بیانیے یا پروپیگنڈا۔ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن اور دوستی کا خواہاں ہے، مگر قومی خودمختاری کو چیلنج کرنے والی ہر کوشش کا جواب پہلے سے زیادہ مضبوط اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

اس موقع پر مجموعی طور پر 136 ایوی ایشن کیڈٹس، 10 جینٹل مین کیڈٹس اور 20 آر ایس اے ایف کیڈٹس نے گریجویشن مکمل کی۔ ائیر چیف نے امتیازی کیڈٹس میں ٹرافیاں اور اعزازی شمشیر تقسیم کی۔ جنرل سروس ٹریننگ میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر محمد علی عارف نے حاصل کی۔ چیف آف دی ایئر اسٹاف بیسٹ پائلٹ ٹرافی بہترین فلائنگ پرایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر محمد ارحم اللہ کو دی گئی۔ چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی برائے بہترین کارکردگی (انجینیئرنگ) جینٹل مین کیڈٹ علی احمد مصطفیٰ نے حاصل کی۔ ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ مرتضیٰ علی کو ملی۔ ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ یحییٰ نیئر نے جیتی۔ لاجسٹکس کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ حنین سرور نے حاصل کی۔ کامبیٹ سپورٹ کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ طلحہ اسحاق نے حاصل کی۔ کالج آف ایروناٹیکل انجینیئرنگ میں مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر محمد علی عارف کو دی گئی۔ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر محمد سعد شہزاد نے حاصل کی۔ الائیڈ کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹ محمد خالد جلفان کو دی گئی۔

تقریب کا اختتام ، ایف-16، جے ایف-17 اور جے-10 سی طیاروں کے شاندار فارمیشن فلائی پاسٹ سے ہوا، جس نے مہارت اور آپریشنل قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

گریجویشن پریڈ میں سینئر عسکری و سول شخصیات اور کیڈٹس کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

محسن Previous post وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا لاہور ائیرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن سہولیات کا جائزہ لیا
پی آئی اے Next post پی آئی اے کی نجکاری میں اہم پیش رفت؛ وسط دسمبر میں بولی کا عمل