
سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا ورلڈکپ 2026 تک کپتانی برقرار رہنے کا امکان روشن
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی قیادت نے تھنک ٹینک کے دل جیت لیے ہیں اور اب امکان ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 تک کپتان کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکام کو ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ سب سے زیادہ متاثر کن لگی، کیونکہ کھلاڑی یکجا ہو کر کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ ماضی میں ٹیم میں ایسا اتحاد نظر نہیں آتا تھا۔
دوسری جانب سری لنکا کے دورے کے لیے اسکواڈ میں شاداب خان کی واپسی متوقع ہے۔ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں اور بگ بیش لیگ میں ان کی میچ فٹنس جانچی جائے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی قیادت اس وقت سلمان علی آغا کے پاس ہے، جبکہ کچھ حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں تھیں کہ شاداب خان یا شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ تاہم پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ سلمان علی آغا ہی میگا ایونٹ میں کپتان رہنے کا امکان رکھتے ہیں۔
تھنک ٹینک کے ایک اور آفیشل کا کہنا تھا کہ سلمان علی آغا کی قائدانہ صلاحیتوں نے ٹیم کو وننگ ٹریک پر گامزن کر دیا ہے، ٹیم کے کھلاڑی یکجا ہو کر فتح کے لیے لڑتے نظر آتے ہیں، اس لیے کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
یاد رہے کہ 2025 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان سب سے زیادہ 21 فتوحات حاصل کرنے والی فل ممبر ٹیم رہی۔ سلمان علی آغا نے اپنے کیریئر کے 40 میں سے 38 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کپتان کے طور پر کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 24.85 کی اوسط سے 671 رنز بنائے اور 23 فتوحات کے ساتھ ملک کے تیسرے کامیاب ترین کپتان بن چکے ہیں۔
سلمان کی زیر قیادت پاکستان نے حال ہی میں سہ ملکی سیریز جیتی اور اس سے قبل ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اگرچہ سلمان علی آغا بطور کپتان بہترین ہیں، ان کی بیٹنگ پر سوالات اٹھتے رہے ہیں، تاہم حالیہ سیریز میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف 63 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر اپنی فارم کا مظاہرہ کیا۔
شاداب خان کی واپسی بھی متوقع ہے، وہ آخری بار جون میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز میں کھیل چکے تھے۔ شاداب نے لندن میں کندھے کی سرجری کروائی تھی اور اب نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بھرپور مشقیں کر رہے ہیں۔ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ شاداب کی فٹنس سے مطمئن ہیں، جبکہ بگ بیش لیگ کے دوران ان کی کارکردگی پر مزید غور کیا جائے گا۔
آسٹریلوی ایونٹ 14 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے، منتخب کھلاڑی آئندہ ہفتے روانہ ہوں گے جبکہ سری لنکا سیریز میں شامل کھلاڑی واپس بلوا لیے جائیں گے۔