
وزیراعظم انور ابراہیم: کوٹا مدنی پُتراجایا اور بندر مدنی بوکِت جلیل منصوبے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں
کوالالمپور، یورپ ٹوڈے: ملائیشیا کے وزیراعظم داتوک سری انور ابراہیم نے کہا ہے کہ کوٹا مدنی پُتراجایا اور بندر مدنی بوکِت جلیل کے ترقیاتی منصوبے مکمل طور پر مدنی عناصر کی روشنی میں درست سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے مدنی تصورات، خصوصاً ورٹیکل اسکولز اور مربوط کمیونٹی سہولیات کے جامع نفاذ کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
انور ابراہیم کے مطابق انہیں کوالالمپور اور پُتراجایا میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کی تازہ پیش رفت سے متعلق ایک بریفنگ میں آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق پریکٹ 19 میں قائم کیا جانے والا کوٹا مدنی منصوبہ 10,000 ہائی ڈینسٹی رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوگا، جو 30 ہزار سے زائد افراد کو رہائش فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ایک سیکنڈری اسکول اور متعدد عوامی سہولیات بھی تعمیر کی جائیں گی۔
دوسری جانب بندر مدنی بوکِت جلیل میں مستقبل کے جدید رہائشی تقاضوں کے مطابق اسمارٹ ہومز، ورٹیکل اسکولز، اسمارٹ موبیلیٹی اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ متعدد اسٹریٹجک مقامات پر ری ڈویلپمنٹ منصوبے بھی خصوصی توجہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مدنی مسجد کے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی عمل کو تیز کیا جائے تاکہ عوام بروقت اس کے ثمرات حاصل کرسکیں۔
جالان مسجد انڈیا پر قائم کی جانے والی مدنی مسجد، جو ملیشیائی شناخت کے تصور پر مبنی ہے، بیک وقت 2,900 نمازیوں کو جگہ فراہم کرے گی، جن میں سے 592 نمازی مرکزی ہال میں عبادت کرسکیں گے۔
وزیراعظم انور ابراہیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہری ترقی کے تمام منصوبے عوامی فلاح کو براہِ راست فائدہ پہنچانے کے لیے ہیں، جن میں انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید سہولیات کا اضافہ اور شہری ثقافتی و تاریخی شناخت کا تحفظ شامل ہے۔