
پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کا اعلان، 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا
نیویارک، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایڈیشن 11 26 مارچ 2026 سے شروع ہو کر 3 مئی تک جاری رہے گا۔
یہ اعلان محسن نقوی نے نیویارک میں پی ایس ایل کے روڈ شو کے دوران کیا، جس میں پی سی بی کے عہدیداروں اور قومی کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو انعامات دینے سے اُن کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور پی سی بی اور پی ایس ایل کے آرگنائزر مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بہت باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں اور پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ کھیل کو نئے معیار پر پہنچایا جا سکے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور تجربہ حاصل کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے تفریح کے بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے اور یہ لیگ ملک میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔