
صدر مملکت اور وزیراعظم کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اسے ریاست کی رِٹ قائم رکھنے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مضبوط عزم کا مظہر قرار دیا۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی واضح عکاسی ہے۔ انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں شہید کے لواحقین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری علیحدہ بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولچی میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے نائیک یاسر خان شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ان کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہید کے درجات کی بلندی، جبکہ لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بہادر افسران اور جوان وطن اور قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کرتے، اور پاکستانی قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، اور قومی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا۔