
ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں عروج پر، شاہراہیں اور مساجد چراغاں سے منور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں جگہ جگہ اسٹالز قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ گلیوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔
عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے مختلف عمارتوں اور مساجد پر چراغاں کیا گیا ہے، جو کہ روحانی ماحول کو مزید منور کر رہا ہے۔ اس موقع پر سیرت کانفرنسز، میلاد مصطفیٰؐ کی محافل اور درود و سلام کی بابرکت محافل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
اہم مقامات پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ عوام کو حضرت محمدؐ کی حیاتِ طیبہ کے پہلوؤں سے روشناس کرایا جا سکے اور اُن کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔ عید میلاد النبیؐ کے اس بابرکت موقع پر ملک بھر میں روحانی جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔