چین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا
بیجنگ، یورپ ٹوڈے: میزبان چین نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان اور میزبان چین کے درمیان کھیلا گیا میچ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔
سیمی فائنل کے فیصلہ کن مرحلے میں دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی شوٹ آؤٹ دیے گئے۔ پاکستان نے ابتدائی چار پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کر دیے، جبکہ چین نے چار میں سے دو پر گول کر کے فائنل کے لیے جگہ بنائی۔
یہ چین کی جانب سے پاکستان ہاکی ٹیم کے خلاف دوسری کامیابی ہے؛ اس سے قبل 2006ء کے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
واضح رہے کہ چین پہلی بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہے۔