
برطانیہ میں اسٹورم چندرا کی پیش گوئی: شدید بارش، تیز ہوائیں اور برف باری کا خطرہ
لندن، یورپ ٹوڈے: برطانیہ کے محکمۂ موسمیات (میٹ آفس) نے منگل کے روز ملک کے بڑے حصوں میں تیز ہواؤں، شدید بارش اور برف باری لانے والے طاقتور طوفان کو اسٹورم چندرا کا نام دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث بعض علاقوں میں سیلاب اور سفری نظام میں شدید خلل کا خدشہ ہے، جبکہ شمالی برطانیہ کے بلند مقامات پر نمایاں برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
میٹ آفس نے جنوبی مغربی انگلینڈ کے لیے پیر اور منگل کو شدید بارش کے باعث ایمبر وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ پیر کے روز لندن، جنوب مشرقی اور جنوبی مغربی انگلینڈ سمیت انگلینڈ کے وسیع علاقوں، نیز ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے بعض حصوں کے لیے ییلو وارننگ بھی نافذ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق منگل کے روز اسٹورم چندرا کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر ملک کے بیشتر حصوں میں مختلف موسمی انتباہات جاری کیے گئے ہیں۔
شمالی آئرلینڈ کے لیے منگل کو تیز ہواؤں کے حوالے سے ایمبر وارننگ جاری کی گئی ہے، جہاں ہواؤں کی رفتار 60 سے 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ بعض ساحلی علاقوں میں جھکڑ 75 میل فی گھنٹہ تک بھی جا سکتے ہیں۔
میٹ آفس کے مطابق، “اسٹورم چندرا پیر کی شام اور رات بھر مسلسل اور بعض اوقات شدید بارش لائے گا، جو منگل کی صبح بتدریج شمال مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے کم ہونا شروع ہو جائے گی۔”
محکمے نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں 30 سے 50 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جبکہ بعض بلند مقامات، بالخصوص جنوبی ڈارٹ مور میں 60 سے 80 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ پہلے سے بھیگی ہوئی زمین پر بارش کے باعث منگل کی صبح سیلاب اور دیگر رکاوٹوں کا خدشہ ہے، جبکہ جنوب مشرقی سمت سے تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے۔
اسکاٹ لینڈ، مڈلینڈز، شمال مشرقی اور شمال مغربی انگلینڈ اور یارکشائر کے بعض علاقوں میں بارش اور برف باری کے لیے بھی ییلو الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔ لندن، انگلینڈ کے جنوب مشرقی و جنوبی مغربی حصوں اور ویلز کے بعض علاقوں کو بھی منگل کے روز مزید بارش کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میٹ آفس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ سیلاب، ٹرانسپورٹ میں تاخیر یا منسوخی، بجلی کی بندش اور حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر محتاط رہیں۔