
پاکستان کے پاس آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا سنہری موقع
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: گرین شرٹس چمچماتی ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے بے چین ہیں، کیونکہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا سنہری موقع حاصل ہو گیا ہے۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں فتح پاکستان کو سیریز اپنے نام کرنے میں مدد دے گی، جبکہ یہ میچ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ایک بار پھر شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
پاکستانی ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 22 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد پراعتماد دکھائی دے رہی ہے۔ میزبان ٹیم کو ابتدائی میچ میں شاندار اسپن بولنگ کی بدولت فتح نصیب ہوئی، جہاں بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، رنز کی رفتار کو قابو میں رکھا اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے میچ میں بھی پچ کے مزاج کو دیکھتے ہوئے اسپن بولرز کا کردار نہایت اہم ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم کی خشک اور سلو پچ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جس کا فائدہ وہی ٹیم اٹھا سکے گی جو اسپن بولنگ کو بہتر انداز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ پاکستانی کیمپ کو صائم ایوب سے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کی امید ہے، جبکہ ابرار احمد، شاداب خان اور محمد نواز اسپن بولنگ کا جادو جگانے کے لیے تیار ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا ون ڈاؤن پوزیشن پر تیز اور جارحانہ کھیل پیش کرنے کے لیے پُرامید نظر آتے ہیں۔ تاہم پہلے میچ میں اچھی شروعات کے باوجود مڈل اور لوئر آرڈر بیٹرز مطلوبہ رفتار سے رنز بنانے میں ناکام رہے تھے، جس پر ٹیم مینجمنٹ کو دوسرے مقابلے میں بیٹنگ لائن سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ پاکستان نے ایک بار پھر مہمان ٹیم کو اسپن کے جال میں پھنسانے کی حکمتِ عملی تیار کر لی ہے، جبکہ پلئینگ الیون میں بعض تبدیلیوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نسیم شاہ کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
میچ کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔