
بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 حملے ناکام، 67 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ، یورپ ٹوڈے: بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر دہشت گردانہ حملے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں ناکام بنائے گئے، جس کے دوران 67 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان شہید ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مختلف علاقوں میں دہشت گردوں نے بزدلانہ حملے کیے، جنہیں سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔ ذرائع کے مطابق گوادر میں خضدار کے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد سمیت 11 شہری بھی ہلاک ہوئے، جن میں ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب اور فضائی نگرانی جاری رکھی ہے، جبکہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کی حمایت بھی سامنے آئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا، شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے امن، شہریوں کے تحفظ اور قومی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہدا اور سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا۔