
دنیا کے متعدد ممالک پاکستان سے تجارتی و سفارتی تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منگل کے روز کہا ہے کہ دنیا کے متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور فخر ہیں، جبکہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
9 مئی کی تاریخی فتح کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستانی قوم پر اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے، جس کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر غیر معمولی احترام حاصل ہوا، جس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر برائے بین الاقوامی امور بھی ہیں، یو اے ای اور کینیڈا میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) یو اے ای کے چیئرمین غلام مصطفیٰ مغل، مسلم لیگ (ن) کینیڈا کے میڈیا ہیڈ پیر عدنان بودلہ، نائب صدر مسلم لیگ (ن) کینیڈا راجہ محمد شفیق سمیت دیگر سینئر اوورسیز رہنما شریک تھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل انوشہ رحمان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران شرکاء نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سبز پاسپورٹ کا وقار اور عزت بحال کی۔
شرکاء نے پاکستان کے استحکام اور بہتری کے لیے معاشی اور سفارتی محاذ پر وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد شفیق نے آزاد جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر مبنی ایک کتاب بھی پیش کی۔