
انڈونیشیا میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد 15.39 ملین تک پہنچ گئی: وزیر سیاحت
جکارتہ، یورپ ٹوڈے: انڈونیشیا کی وزیرِ سیاحت ویدیانتی پوتری وردھانہ نے کہا ہے کہ سال 2025 کے دوران انڈونیشیا میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد 1 کروڑ 53 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی، جو کہ حکومت کے مقررہ ہدف 1 کروڑ 40 سے 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز جکارتہ میں ایوانِ نمائندگان (ڈی پی آر) کی کمیشن VII کے اجلاس کے دوران بتائی۔ وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ “15.39 ملین کی عملی کامیابی کے ساتھ ہم نے نہ صرف اپنا ہدف حاصل کیا بلکہ اپنی سابقہ پیش گوئیوں سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔”
سال 2025 کے غیر ملکی سیاحوں کے اعداد و شمار کے مطابق، ملائیشیا قومی سیاحتی آمدن میں سب سے بڑا حصہ دار رہا، جبکہ متحدہ عرب امارات سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں فی غیر ملکی سیاح اوسط اخراجات 1,267 امریکی ڈالر رہے، جو مقررہ ہدف 1,220 ڈالر سے زیادہ ہیں۔ اسی طرح سیاحت سے حاصل ہونے والی زرِمبادلہ آمدن 2025 میں 18.91 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو 2024 کے مقابلے میں 13.17 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
وزیر سیاحت نے بتایا کہ 2025 میں انڈونیشیا آنے والے غیر ملکی سیاحوں اور بیرونِ ملک سفر کرنے والے انڈونیشی شہریوں کے درمیان فرق 62 لاکھ 20 ہزار رہا، جو 2024 میں 49 لاکھ 40 ہزار تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ بنیادی کارکردگی کا اشاریہ نہیں، تاہم اس فرق کی نگرانی کی جاتی ہے کیونکہ یہ زرِمبادلہ کے سرپلس کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ 2025 میں اندرونِ ملک سیاحتی سفر کی تعداد 1.20 ارب تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17.55 فیصد اضافہ ہے۔
وزیر وردھانہ نے مزید کہا کہ 2025 میں سیاحت کے شعبے میں حقیقی سرمایہ کاری 73.55 ٹریلین انڈونیشین روپیہ (تقریباً 4.38 ارب امریکی ڈالر) رہی، جو سال بہ سال 56.05 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس امر کی عکاس ہیں کہ سیاحت کا شعبہ قومی معاشی ترقی کے فروغ میں ایک اسٹریٹجک کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے براہِ راست فوائد عوامی معیشت تک پہنچ رہے ہیں۔