مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی تمام تقریبات منسوخ کر دیں

لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کل کی بسنت سے متعلق اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے لبرٹی اسکوائر پر شیڈول میگا بسنت شو منسوخ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد ہے، دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مایوسی کا شکار نہیں ہونا چاہیے بلکہ آج ہی ایک غیر مبہم فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم متحد اور یکجا ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کھڑے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے چنگل سے امن اور خوشحالی واپس لینا ہوگا کیونکہ یہ ہمارا ملک ہے اور اسے حملہ آوروں سے بچانا ہماری ذمے داری، فرض اور قومی قرض ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکا نماز کے دوران ہوا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور بمبار کی شناخت کر لی گئی ہے، جس نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی تھی۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد Previous post اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ پر دھماکا، 31 نمازی شہید، 169 زخمی
امام بارگاہ Next post امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ پر خودکش حملے کے ملزم کی شناخت، تفتیش جاری