لاہور

لاہور میں بسنت کا رنگا رنگ اختتام، تین روزہ فیسٹیول خوشیوں اور امن کی علامت بن گیا

لاہور،یورپ ٹوڈے: پتنگ بازی، موسیقی، کھابوں، موج مستی اور ہلہ گلہ کے ساتھ لاہور میں تین روز تک جاری رہنے والا بسنت فیسٹیول کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ بچے، بڑے، جوان اور بزرگ سبھی بسنت کے رنگ میں رنگ گئے، چھتوں پر پتنگیں اُڑائیں، پیچے لڑائے، بوکاٹا کے نعرے لگائے اور بھرپور جشن منایا۔

بسنت کے آخری روز شوقین افراد کے لیے پتنگ بازی کا وقت صبح پانچ بجے تک بڑھا دیا گیا، جس سے شہریوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ شہر بھر میں خوشیوں، رونقوں اور ثقافتی رنگوں کا سماں رہا۔

کامیاب فیسٹیول کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بسنت منانے کا عندیہ دیا گیا، جسے شہریوں نے خوش آئند قرار دیا۔ بسنت کے تیسرے اور آخری روز امن اور امید کی شمعیں فضاؤں میں چھوڑ کر تہوار کا اختتام کیا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امید کی یہ شمعیں آئندہ برس بھی بسنت کی خوشیاں واپس لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرکے اپنے تہوار اور ثقافتی ورثے کا خود تحفظ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف لاہور اور پنجاب کی خوشیوں کی محافظ ہیں اور ان کی قیادت میں ثقافتی سرگرمیوں کو محفوظ اور منظم انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے ایف ایم ڈی ویکسین کی 40 لاکھ خوراکیں تقسیم کرنے کا ہدف
پاکستان Next post پاکستان اور مالدووا کے درمیان تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی