مریم نواز

مریم نواز نے ٹریفک پولیس کے نئے یونیفارم کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن جاری

لاہور،یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریفک وارڈنز 14 فروری سے نیا یونیفارم پہننا شروع کریں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یونیفارم کی تبدیلی کا پہلا مرحلہ لاہور میں مکمل کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی اضلاع میں ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی نیا یونیفارم متعارف کرایا جائے گا۔

اس موقع پر ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑیوں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جنہیں سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پیٹرول کی مد میں لاکھوں روپے کی بچت ممکن ہو سکے گی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نئے یونیفارم اور جدید پیٹرولنگ نظام سے نہ صرف فورس کی شناخت مزید بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو بھی بہتر اور مؤثر ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا میں بلیو کاربن گورننس مضبوط بنانے کا عزم، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات
شریف Next post وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال