
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اہم ملاقاتیں، عالمی سلامتی امور پر تبادلہ خیال
میونخ، یورپ ٹوڈے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی میں 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کانفرنس کے دوران متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے جرمن وزیر داخلہ سے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جبکہ جرمن چانسلر کے مشیر سے خارجہ اور سلامتی امور پر گفتگو کی۔ جرمن مسلح افواج کے سربراہ جنرل کارسٹن بریور سے دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ برازیل کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ اور لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں دفاعی اشتراک کو مزید بڑھانے اور دوطرفہ و کثیرالجہتی تعاون کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ 12 سے 14 فروری تک جاری رہا، جس کے دوران انہوں نے مختلف عالمی رہنماؤں اور عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔