ترکمانستان

ترکمانستان میں 2026 کے دوران وسیع تعمیراتی منصوبوں کا اعلان، اشک آباد میں درجنوں رہائشی و طبی مراکز قائم ہوں گے

اشک آباد،یورپ ٹوڈے: ترکمانستان صدر سردار بردی محمدوف نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026 کے دوران دارالحکومت اشک آباد سمیت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر رہائشی، تعلیمی اور طبی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن کا مقصد شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔

ترکمانستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر بردی محمدوف نے جمعہ کے روز کابینہ کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اشک آباد کے "پراحت-7” رہائشی کمپلیکس میں 30 اپارٹمنٹ عمارتیں مختلف تجارتی اور سروس سہولیات کے ساتھ مکمل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بُزمئین ضلع میں قائم رہائشی کمپلیکس میں مزید 46 جدید رہائشی عمارتیں کھولی جائیں گی، جبکہ دارالحکومت میں 127 دو منزلہ کاٹیجز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

صدر نے بتایا کہ اشک آباد میں 4 ہزار نشستوں پر مشتمل ایک کثیر المقاصد ثقافتی مرکز بھی تعمیر کر کے فعال کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت میں ایک بین الاقوامی پیڈیاٹرک سینٹر، بین الاقوامی سائنسی و کلینیکل آنکولوجی سینٹر اور ڈینٹسٹری سینٹر بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے معروف صحت افزا مرکز "آرچمان سینیٹوریم” میں 400 بستروں پر مشتمل نئی عمارت کا اضافہ کیا جائے گا۔

ترکمانستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری پروگرام 2026 کے تحت رواں برس 9 لاکھ مربع میٹر سے زائد رہائشی رقبہ تعمیر اور فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 3 ہزار 380 طلبہ کے لیے عمومی تعلیمی اسکول اور ایک ہزار 80 بچوں کے لیے پری اسکول ادارے بھی قائم کیے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے رہائشی حالات میں بہتری کے پروگرام کے تحت صوبوں اور دارالحکومت میں متعدد نئی عمارتوں اور منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

کابینہ کے توسیعی اجلاس میں سال 2025 کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، نائب وزرائے اعظم، متعلقہ وزارتوں کے سربراہان اور صوبائی گورنرز کی رپورٹس سنی گئیں، جبکہ 2026 کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف، انتظامی تقرریوں اور تبادلوں پر بھی غور کیا گیا۔

زرداری Previous post اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف قومی اتحاد ناگزیر، عوامی خدمت ہماری سیاست کا محور ہے: صدر آصف علی زرداری
ابو ظہبی Next post فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ابو ظہبی میں شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق