
وزیراعظم شہباز شریف کا ویانا میں خطاب، بھارت پر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی کا الزام
ویانا،یورپ ٹوڈے: شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔
ویانا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی ہی وہ واحد راستہ ہے جو عالمی امن کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو جغرافیائی کشیدگی اور موسمیاتی دباؤ جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ ہمسایہ ملک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ہمسایہ دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم کے نظام کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دے رہا ہے، حالانکہ یہ نظام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگیوں اور روزگار کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا حصہ دار ہے، تاہم 2022 کے تباہ کن سیلاب کی یادیں اور نقصانات آج بھی قوم کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن اور ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، جبکہ پائیدار ترقیاتی اہداف غربت اور عدم مساوات کے خاتمے کا مؤثر ترین فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گئے، جہاں وہ دو روزہ قیام کے بعد امریکہ روانہ ہوں گے۔