
سولجر بازار میں گیس لیکیج سے دھماکا، عمارت کا حصہ گرنے سے 6 افراد جاں بحق، 12 زخمی
کراچی،یورپ ٹوڈے: شہر کے علاقے سولجر بازار تین نمبر میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے نکالی گئی 6 لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی اور گنجان آباد علاقے میں واقع ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے بھاری مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچانے میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس کے باعث ریسکیو آپریشن سست روی کا شکار ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللّٰہ عباسی کے مطابق سلینڈر دھماکے کی شدت سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا ایک بڑا حصہ گر گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو ٹیمیں احتیاط کے ساتھ امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔