
بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
واشنگٹن،یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو یہاں منعقدہ “بورڈ آف پیس” کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے گرمجوش اور غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم تین روزہ سرکاری دورے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ میں موجود ہیں۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، آذربائیجان کے صدر الہام علییف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایف، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سمیت دیگر شریک رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقاتوں کے دوران عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، امن و استحکام کے فروغ اور دوطرفہ تعاون کے امکانات زیرِ بحث آئے۔ رہنماؤں کے درمیان بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس سے باہمی اعتماد، قریبی دوستی اور مثبت سفارتی روابط کی عکاسی ہوئی۔
بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کو سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک کی فعال خارجہ پالیسی اور قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کاوشوں کا مظہر ہے۔ بالخصوص غزہ میں امن کے قیام، تعمیرِ نو کی کوششوں اور عالمی سطح پر امن اقدامات میں پاکستان کے کردار کو نمایاں قرار دیا جا رہا ہے۔