
بنوں حملہ: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز ضلع بنوں، خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قومی اثاثہ ہیں اور قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔
دونوں رہنماؤں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف بلاامتیاز اور پوری قوت سے آپریشن جاری رہے گا اور قوم کو ہر قیمت پر محفوظ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ مقدس رمضان کی حرمت کو پامال کرنے والے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کا یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے شہر کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔